۱پَولُس کی طرف سے جو مسِیح یِسُوع کا قَیدع ہے اور بھائی تِیمُتھیُس کی طرف سے اپنے عزِیز ہمخِدمت فِلیمون۔
۲اور بہن اَفّیہ اور اپنے ہم سِپاہ اِرخِپُّس اور فِلیمون کے گھر کی کلِیسیا کے نام۔
۳فضل اور اِطمینان ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔
۴مَیں تیری اُس محبّت کا اور اِیمان کا حال سُنکر جو سب مُقدّسوں کے ساتھ اور خُداوند یِسُوع پر ہے۔
۵ہمیشہ اپنے خُدا کا شُکر کرتا ہُوں اور اپنی دُعاؤں میں تُجھے یاد کرتا ہُوں۔
۶تاکہ تیرے اِیمان کی شِراکت تُمہاری ہر خُوبی کی پہچان میں مسِیح کے واسطے مُؤثِر ہو۔
۷کیونکہ اَے بھائی! مُجھے تیری محبّت سے خُوشی اور تسلّی ہُوئی اِس لِئے کہ تیرے سبب سے مُقدّسوں کے دِل تازہ ہُوئے ہیں۔
۸پس اگرچہ مُجھے مسِیح میں بڑی دِلیری تو ہے کہ تُجھے مُناسِب حُکُم دُوں۔
۹مگر مُجھے یہ زِیادہ پَسند ہے کہ مَیں بُوڑھا پَولُس بلکہ اِس وقت مسِیح یِسُوع کا قَیدی بھی ہوکر محبّت کی راہ سے اِلتماس کرُوں۔
۱۰سو اپنے فرزند اُنیسمُس کی بابت جو قَید کی حالت میں مُجھ سے پَیدا ہُؤا تُجھ سے اِلتماس کرتا ہُوں۔
۱۱پہلے تو وہ کُچھ تیرے کام کا نہ تھا مگر اب تیرے اور میرے دونوں کے کام کا ہے۔
۱۲خُود اُسی کو یعنی اپنے کلیجے کے ٹکڑے کو مَیں نے تیرے پاس واپِس بھیجا ہے۔
۱۳اُس کو مَیں اپنے ہی پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ تیری طرف سے اِس قَید میں جو خُوشخبری کے باعِث ہے میری خِدمت کرے۔
۱۴لیکِن تیری مرضی کے بغَیر مَیں نے کُچھ کرنا نہ چاہا تاکہ تیرا نیک کام لاچاری سے نہیں بلکہ خُوشی سے ہو۔
۱۵کیونکہ مُمکِن ہے کہ وہ تُجھ سے اِس لِئے تھوڑی دیر کے واسطے جُدا ہُؤا ہو کہ ہمیشہ تیرے پاس رہے۔
۱۶مگر اب سے غُلام کی طرح نہیں بلکہ غُلام سے بہتر ہوکر یعنی اَیسے بھائی کی طرح رہے جو جِسم میں بھی اور خُداوند میں بھی میرا نِہایت عزیز ہو اور تیرا اِس سے بھی کہِیں زیادہ۔
۱۷پس اگر تُو مُجھے شِریک جانتا ہے تو اُسے اِس طرح قُبُول کرنا جِس طرح مُجھے۔
۱۸اور اگر اُس نے تیرا کُچھ نُقصان کِیا ہے یا اُس پر تیرا کُچھ آتا ہے تو اُسے میرے نام لِکھ لے۔
۱۹مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے لِکھتا ہُوں کہ خُود ادا کرُوں گا اور اِس کے کہنے کی کُچھ حاجت نہیں کہ میرا قرض جو تُجھ پر ہے وہ تُو خُود ہے۔
۲۰اَے بھائی! مَیں چاہتا ہُوں کہ مُجھے تیری طرف سے خُداوند میں خُوشی حاصِل ہو، مسِیح میں میرے دِل کو تازہ کر۔
۲۱مَیں تیری فرمانبرداری کا یقِین کرکے تُجھے لِکھتا ہُوں اور جانتا ہُوں کہ جو کُچھ مَیں کہتا ہُوں تُو اُس سے بھی زِیادہ کرے گا۔
۲۲اِس کے سِوا میرے لِئے ٹھہرنے کی جگہ تیّار کر کیونکہ مُجھے اُمّید ہے کہ مَیں تُمہاری دُعاؤں کے وسِیلہ سے تُمہیں بخشا جاؤں گا۔