۱پَولُس کی طرف سے جو خُدا کا بندہ اور یِسُوع مسِیح کا رسُول ہے۔ خُدا کے برگُزِدوں کے اِیمان اور اُس حق کی پہچان کے مُطابِق جو دِینداری کے مُوافِق ہے۔
۲اُس ہمیشہ کی زِندگی کی اُمّید پر جِس کا وعدہ ازل سے خُدا نے کِیا ہے جو جھُوٹ نہیں بول سکتا۔
۳اور اُس نے مُناسِب وقتوں پر اپنے کلام کو اُس پیغام میں ظاہر کیا جو ہمارے مُنّجی خُدا کے حُکم کے مُطابِق میرے سُپرد ہُؤا۔
۴اِیمان کی شِرکت کے رو سے سچّے فرزند طِطُس کے نام، فضل اور اِطمینان خُدا باپ اور ہمارے مُنّجی یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔
۵مَیں نے تُجھے کریتے میں اِس لِئے چھوڑا تھا کہ تُو باقی ماندہ باتوں کو درُست کرے اور میرے حُکم کے مُطابِق شہر بہ شہر اَیسے بزُرگوں کو مُقرّر کرے۔
۶جو بے اِلزام اور ایک ایک بیوی کے شوہر ہوں اور اُن کے بچّے اِیماندار اور بد چلنی اور سرکَشی کے اِلزام سے پاک ہوں۔
۷کیونکہ نِگہبان کو خُدا کا مُختار ہونے کی وجہ سے بے اِلزام ہونا چاہئے نہ خُودرائی ہو، نہ غُصّہ ور، نہ نشہ میں غُل مچانے والا۔ نہ مار پِیٹ کرنے والا اور نہ ناجائز نفع کا لالچی۔
۸بلکہ مُسافِر پرور۔ خیر دوست۔ مُتّقی مُنصِف مِزاج۔ پاک اور ضبط کرنے والا ہو۔
۹اور اِیمان کے کلام پر جو اِس تعلِیم کے مُوافِق ہے قائِم ہو تاکہ صحیح تعلِیم کے ساتھ نصِیحت بھی کر سکے اور مُخالِفوں کو قائِل بھی کر سکے۔
۱۰کیونکہ بہت سے لوگ سرکش اور بہُودہ گو اور دغاباز ہیں خاص کر مختُونوں میں سے۔
۱۱اُن کا مُنہ بند کرنا چاہئے۔ یہ لوگ ناجائز نفع کی خاطِر ناشایستہ باتیں سِکھا کر گھر کے گھر تباہ کر دیتے ہیں۔
۱۲اُن ہی میں سے ایک شخص نے کہا جو خاص اُن کا نبی تھا کہ کرُیتی ہمیشہ جھُوٹے ۔ مُوذی جانور۔ احدی کھاؤ ہوتے ہیں۔
۱۳یہ گواہی سَچ ہے۔ پس اُنہیں سخت ملامت کیا کرتا کہ اُن کا اِیمان درُست ہو جائے۔
۱۴اور وہ یہُودیوں کی کہانیوں اور اُن آدمِیوں کے حُکموں پر توجہ نہ کریں جو حق سے گُمراہ ہوتے ہیں۔
۱۵پاک لوگوں کے لِئے سب چیزیں پاک ہیں مگر گُناہ آلُودہ اور بے اِیمان لوگوں کے لِئے کُچھ بھی پاک نہیں بلکہ اُن کی عقل اور دِل دونو گُناہ آلُودہ ہیں۔
۱۶وہ خُدا کی پہچان کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر اپنے کاموں سے اُس کا اِنکار کرتے ہیں کیونکہ وہ مکرُوہ اور نافرمان ہیں اور کِسی نیک کام کے قابِل نہیں۔