اورحضرت یعقُوب نے کہا اَے میرے باپ ابرہام کے اللہ اور میرے باپ ا ِضحاق کے اللہ ! اَے اللہ تعالیٰ جِس نے مُجھے یہ فرمایا کہ تُو اپنے مُلک کو اپنے رِشتہ داروں کے پاس لَوٹ جا اور مَیں تیرے ساتھ بھلائی کرُوں گا۔
مَیں تیری سب رحمتوں اور وفاداری کے مُقابلہ میں جو تُو نے اپنے بندہ کے ساتھ برتی ہے بِالکُل ہیچ ہُوں کیونکہ مَیں صِرف اپنی لاٹھی لے کر اِس یَرد ن کے پار گیا تھا اور اب اَیسا ہُوں کہ میرے دو غول ہیں۔
مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے میرے بھائی عیسو کے ہاتھ سے بچا لے کیونکہ مَیں اُس سے ڈرتا ہُوںکہ کہِیں وہ آ کر مُجھے اور بچّوں کو ماں سمیت مار نہ ڈالے۔
یہ تیرا ہی فرمان ہے کہ مَیں تیرے ساتھ ضرُور بھلائی کرُوں گا اور تیری نسل کو دریا کی ریت کی مانِندبناؤں گا جو کثرت کے سبب سے گِنی نہیں جا سکتی۔
اور وہ اُس رات وہِیں رہا اور جو اُس کے پاس تھا اُس میں سے اپنے بھائی عیسو کے لِئے یہ نذرانہ لِیا۔
دو سَو بکریاں اور بِیس بکرے ۔ دو سَو بھیڑیں اور بِیس مینڈھے۔
اور تِیس دُودھ دینے والی اُونٹنیاں بچّوں سمیت اور چالِیس گائیں ا ور دس بَیل بِیس گدھیاں اور دس گدھے۔
اور اُن کو جُدا جُدا غول کر کے نوکروں کو سَونپا اور اُن سے کہا کہ تُم میرے آگے آگے پار جاؤ اور غولوں کو ذرا دُور دُور رکھنا۔
اور اُس نے سب سے اگلے غول کے رکھوالے کو حُکم دِیا کہ جب میرا بھائی عیسو تُجھے مِلے اور تُجھ سے پُوچھے کہ تُو کِس کا نوکر ہے اور کہاں جاتا ہے اور یہ جانور جو تیرے آگے آگے ہیں کِس کے ہیں؟۔
تُو کہنا کہ یہ تیرے خادِم یعقُوب کے ہیں ۔ یہ نذرانہ ہے جو میرے مالک عیسو کے لِئے بھیجا گیا ہے اور وہ خُود بھی ہمارے پِیچھے پِیچھے آرہا ہے۔
اور اُس نے دُوسرے اور تِیسرے کو اور غولوں کے سب رکھوالوں کو حُکم دِیا کہ جب عیسو تُم کو مِلے تو تُم یِہی بات کہنا۔
اور یہ بھی کہنا کہ تیرا خادِم یعقُوب خُود بھی ہمارے پِیچھے پِیچھے آرہا ہے ۔ اُس نے یہ سوچا کہ مَیں اِس نذرانہ سے جو مُجھ سے پہلے وہاں جائے گا اُسے راضی کر لُوں ۔ تب اُس کا مُنہ دیکُھوں گا۔ شاید یُوں وہ مُجھ کو قبُول کرے۔
چُنانچہ وہ نذرانہ اُس کے آگے آگے پار گیا پر وہ خُود اُس رات اپنے ڈیرے میں رہا۔